بنگلورو، 5؍جولائی(ایس او نیوز)ریاستی ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق برہت بنگلور مہانگر پالیکے کی طرف سے گزشتہ ایک سال سے ملتوی وارڈ کمیٹیوں کیلئے نامزدگیوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔عدالت نے بی بی ایم پی کو ہدایت دی ہے کہ وارڈ کمیٹیوں کی تشکیل دے کر 17 جولائی تک اراکین کی فہرست اسے سونپ دی جائے ۔عدالت کے اس حکم کی روشنی میں تمام وارڈوں سے گیارہ گیارہ رکنی اراکین کی فہرست منگوائی گئی ہے۔ کونسل سکریٹریٹ کی ہدایت کی بنا پر 198 وارڈوں میں 128 وارڈ کمیٹیاں قطعیت پاچکی ہیں، ایک دو دن میں مزید 37 کمیٹیوں کی تشکیل ہوجائے گی، جبکہ باقی 37کمیٹیاں دس دنوں میں تشکیل پائیں گی۔ 17جولائی تک عدالت کو یہ فہرست پیش کردی جائے گی۔بعض عوامی تنظیموں کی طرف سے عدالت سے نمائندگی پر بی بی ایم پی کو لتاڑتے ہوئے ہائی کورٹ نے وارڈ کمیٹیوں کی تشکیل کا حکمنامہ جاری کیا ہے۔عدالت کی ہدایت کے مطابق ہر وارڈ کمیٹی کے چیرمین مقامی کارپوریٹر ہوں گے۔کمیٹی میں تین خواتین ہوں گی، مختلف اداروں سے نمائندگی کرنے والے دو افراد ہوں گے۔درج فہرست ذاتوں اور قبائل کے ایک ایک رکن کو لیا جائے گا اور عام زمرے کے تین اراکین ہوں گے، وارڈ کمیٹی ممبران کی ذمہ داری ہوگی کہ ہر وارڈ میں ترقیاتی کاموں میں راست طور پر حصہ لیں اور وارڈ کی ترقی کیلئے منصوبہ سازی میں منتخب نمائندوں کا ساتھ دیں۔ ترقیاتی کاموں میں اگر کوئی تاہی نظر آئی تو ان کاموں کو رکواکر اس سلسلے میں حکام سے شکایت کریں۔ ان شکایات پر کارروائی کا اختیار کارپوریٹر کو بھی حاصل رہے گا۔ تاہم وارڈ کمیٹی ممبروں کو بی بی ایم پی یا حکومت کی طرف سے کسی طرح کا معاوضہ نہیں دیاجائے گا۔